پتور12؍اگست (ایس او نیوز) موبائل فون اور آن لائن دھوکہ دہی کے معاملات روز سامنے آتے ہیں۔پولیس، میڈیا اور بینک افسران کی طرف سے دھوکے بازوں کی شاطرانہ چال میں نہ پھنسنے کی ہدایات باربار جاری ہوتی رہتی ہیں، لیکن روز کوئی نہ کوئی دھوکے میں آہی جاتاہے۔ اس طرح کی فریب کاری کا شکار ہونے والوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ اسی قسم کے ایک معاملے میں کڈبا کی ایک خاتون نے موبائل مسیج سے دھوکہ کھانے کے بعد وزیر اعظم کے دفتر(پی ایم او) کو اپنی شکایت بھیجی تو وہاں سے کڈبا پولیس کو تحقیقات اور مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت موصول ہوئی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق کوڈیمبلا کی رہنے والی ناگ رتنا کواپریل 2018میں موبائل فون پر ایک مسیج موصول ہو اکہ قرعہ اندازی میں اس کے نام ایک سفاری کار نکلی ہے۔اس تعلق سے کچھ ضروری اخراجات کے لئے صرف6,600روپے جھارکنڈ کے ایک بینک اکاؤنٹ میں جمع کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ ناگ رتھنا نے کسی کو بھی بتائے بغیر اس اکاؤنٹ میں وہ رقم ٹرانسفر کردی۔ پھر دوچار دن مزید کچھ وجوہات بتاتے ہوئے اسی اکاؤنٹ میں 12,000 روپے جمع کرنے کی ہدایت دی گئی۔ناگ رتنانے اس پر بھی عمل کرتے ہوئے رقم جمع کروادی۔پھر چند دن بعد اسے مزید 6,000روپے جمع کرنے کو کہا گیا اور اس نے یہ رقم بھی جمع کردی۔ پھرکافی انتظار کرنے کے بعد بھی کار کے بارے میں کوئی خبر نہیں آئی تو ناگ رتنا کو احساس ہوا کہ اسے دھوکہ دیا جارہا ہے۔
کڈبا پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر پرکاش دیواڈیگاکے مطابق ناگ رتنا نے اس سلسلے میں پی ایم او کو اپنے ساتھ ہونے والے دھوکے کی تفصیل بھیجی تو وہاں سے کڈبا پولیس کو تحقیقات کرنے کی سفارش کی ہدایت موصول ہوئی ہے۔ اب پولیس اس بینک اکاؤنٹ کی تمام تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کررہی ہے جس میں رقم جمع کرنے کی ہدایت دھوکے بازوں نے دی تھی۔